25 نومبر 2014 - 12:47
عراق کی فوج کا اب تک کا سب سے بڑا آپریشن، دو شہر آزاد

عراقی سیکورٹی فورسز نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جون سے اب تک کے سب سے بڑے فوجی آپریشن میں مشرقی صوبے دیالہ میں دو شہروں کو آزاد کرا لیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی سیکورٹی فورسز نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جون سے اب تک کے سب سے بڑے فوجی آپریشن میں مشرقی صوبے دیالہ میں دو شہروں کو آزاد کرا لیا ہے۔

صوبے کے جنوب میں عراقی سیکورٹی فورسز اور شیعہ رضاکار فورسز نے سعدیہ اور جلاولہ کو آزاد کرا لیا اور مضافات کے قصبوں کی جانب پیش رفت کر رہی ہیں۔

اس آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور کم از کم 33 جنگجو زخمی ہوئے۔

صوبہٴ دیالہ میں ان قصبوں کا قبضہ چھڑانے کے لیے عراقی افواج نے داعش کے جنگجوؤں کو مجبور کیا کہ وہ ان علاقوں پر دو ماہ سے جاری قبضہ خالی کردیں، جب کہ دارالحکومت بغداد سے ایران جانے والی ایک مرکزی سڑک کا کنٹرول بھی چھڑا لیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ لڑائی پیر کے روز بھی جاری رہی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سڑک کنارے بم ناکارہ بنانے کے لیے دستوں نے کام جاری رکھا ہے۔

پیر کے روز، امریکی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے داعش کے شدت پسندوں کے خلاف دو درجن کے قریب فضائی حملے کیے۔

جمعے سے جاری ان فضائی حملوں میں سے نو فضائی کارروائیاں شام، جب کہ 15 عراق میں کی گئیں۔

.....

/169